کشمیر میں فوج کی خانگی گاڑی پر فائرنگ ، 2 ہلاک

سرینگر ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع چھترگام میں فوج نے مبینہ طورپر ایک خانگی گاڑی پر فائرنگ کردی جس میں دو افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ پولیس اور فوجی ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ اُس وقت کی گئی جب چیک پوسٹ پر یہ گاڑی نہیں روکی گئی ۔ زخمیوں کو سرینگر میں فوجی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ فوج نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور دو افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیردفاع ارون جیٹلی نے بھی اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ تحقیقات کے بعد ذمہ دار قرار دیئے جانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ بتایا جاتا ہے کہ انٹلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر فوج نے تین چیک پوسٹ قائم کئے اور تقریباً 5 بجے ایک سفید ماروتی 800کارپہلے چیک پوائنٹ پر پہونچی جہاں کوشش کے باوجود اُسے نہیں روکا جاسکا ۔ جب دوسرے چیک پوائنٹ پر بھی گاڑی نہیں رُکی تو سکیورٹی فورسیس نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں یہ سانحہ پیش آیا ۔