کشمیر میں عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے بے نقاب

جموں۔/26جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) سیکوریٹی فورسیس نے آج اضلاع دوڈا اور ریسی میں عسکریت پسندوں کے دو خفیہ ٹھکانوں کا پتہ چلایا ہے ۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر کہ راشٹریہ رائفلز اور اسپیشل ٹاسک فورس پولیس کے دستوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آج علاقہ بھیمل نالہ میں ایک خفیہ ٹھکانہ کو بے نقاب کردیا جہاں سے ایک 9ایم ایم پستول، 2میگزین اور ایک گرنیڈ لانچر اور 5راکٹ گرنیڈ اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ریسی کے ڈیول مارگ۔تھن مارگ کے جنگل میں واقع ایک اور ٹھکانہ کا پتہ چلالیا گیا ہے جہاں سے چینی ساختہ دستی بم، 3اے کے 47، میگزین، 2پستول، میگزین، 169گولیاں، ایک اسپینسر رائفل اور اسلحہ و گولہ بارود کا وافر ذخیرہ ضبط کرلیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ خفیہ ٹھکانے گہرے غاروں میں پائے گئے تھے۔ جسے چٹانوں کے ذریعہ ڈھانک دیا گیا تھا۔