کشمیر میں عارضی ملازمین کی مستقلی سے 5 لاکھ افراد کو فائدہ

سری نگر، 23 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر میں محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی، بی جے پی مخلوط حکومت کے قریب 60 ہزار عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے اقدام سے تقریباً پانچ لاکھ نفوس کو فائدہ پہنچے گا۔ پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ عارضی ملازمین کی مستقلی کے باضابطہ احکامات کے ساتھ محترمہ مفتی کا سب سے بڑا انتخابی وعدہ پورا ہوگیا ہے اور ریاست کی تاریخ میں پہلی بار بہ یک وقت قریب 60 ہزار عارضی ملازمین کی نوکریاں مستقل کرنے کا اقدام اٹھایا گیا ہے ۔ریاستی وزیر و سینئر پی ڈی پی لیڈر چودھری ذوالفقار علی نے بتایا ‘حکومت کی جانب سے عارضی ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے ایس آر او 520 سامنے لانے کے ساتھ ہی ڈیلی ویجروں، کیجول اور سیزنل ورکروں کے ایک لاکھ کنبے اور ان کنبوں سے جڑے 5 لاکھ نفوس مستفید ہوگئے ہیں۔