کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے خلاف ہڑتال، بعض علاقوں میں پابندیاں

سری نگر، 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے کئے گئے ایک اعلان پر جمعہ کے روز وادی میں مکمل ہڑتال کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے ۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائدین پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بقول ان کے افواج اور پولیس فورس کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کے ہاتھوں وادی میں ماہ رمضان کے دوران معصوم اور بے گناہ لوگوں کو ہلاک کرنے کی گھناونی کارروائیوں کے خلاف جمعہ کو ریاست گیر ہڑتال کے ذریعے ایک پُرامن احتجاج کرنے کی اپیل کی تھی۔دریں اثنا وادی میں جمعہ کے روز ہڑتال کے پیش نظر جہاں ٹرین سروس معطل رہی وہیں موبائل انٹرنیٹ خدمات کی رفتار بھی انتہائی سست رہی۔ایک ریلوے عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ پولیس کی طرف سے تازہ ایڈوائزری موصول ہونے کے بعد ریل سروس کو جمعہ کے روز بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔حکام نے سری نگر میں جمعہ کے روز بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر میں امن وقانون کی برقراری کو یقینی بنانے جمعہ کے روز تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ادھر کشمیر یونیورسٹی، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر اور اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے جمعہ کو لئے جانے والے تمام امتحانات اور پوسٹ گریجویشن کورسز کیلئے انٹرنس ٹسٹوں کو ملتوی کیا۔