کشمیر میں سیکورٹی وجوہات کے سبب ریل خدمات معطل

سرینگر۔ 5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر طیبہ کے تین دہشت گردوں کے مارے جانے اور ایک دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کئے جانے کے بعد سیکورٹی وجوہات کے سبب ریل سروسز کوآج رد کردیاگیا ہے ۔ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ٹرین سروسز صرف جنوبی کشمیر میں بند رہیں گی جبکہ شمالی کشمیر میں تمام ٹرینیں اپنی شیڈول پر چلیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ وسطی کشمیر کے بڈگام-سری نگر سے جموں کے بانہال اور جنوبی کشمیر کے پلوامہ، اننت ناگ اور قاضی کوڈ ہوکر گزرنے والی ٹرینوں کی آپریٹنگ نہیں ہو گی۔ ان ٹرینوں کو سیکورٹی وجوہات اور پولیس انتظامیہ کے مشورہ پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دوسری طرف جنوبی کشمیر کی طرف جانے والی تمام ٹرینوں کے ملتوی ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد اس سمت میں جانے والے اور مختلف اسٹیشنوں پر رکے مسافروں میں ناراضگی دکھائی دی۔

امرناتھ یاتریوں پر حملے میں ملوث سبھی جنگجوہلاک
سری نگر۔5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر پیر کی دوپہر جنگجوؤں کی جانب سے فوجی قافلے پر حملے کے بعد طرفین کے مابین شروع ہونے والا مسلح تصادم دو غیرملکی سمیت لشکر طیبہ کے تین جنگجوؤں کی ہلاکت اور ایک جنگجو کی زخمی حالت میں گرفتاری پر ختم ہوگیا ہے ۔ مسلح تصادم میں فوج کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا ۔ اس سے قبل قاضی گنڈ کے نسو بدرا گنڈ میں ہونے والے اس جنگجویانہ حملے میں فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید کا کہنا ہے کہ مارے گئے تینوں جنگجو رواں برس 10 جولائی کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں یاتریوں کی بس پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے ۔ اس حملے میں کم از کم 8 امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ ڈیڑھ درجن دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔