نئی دہلی۔/10ستمبر، ( پی ٹی آئی) جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثر ہونے والے آندھرا پردیش کے افراد کی بروقت امداد کیلئے آندھرا پردیش بھون میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیاہے۔ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے افراد مدد کیلئے ہیلپ لائن نمبر 011-23384188 پر ربط کرسکتے ہیں۔ اس دوران نئی دہلی میں آندھرا پردیش کے نمائندہ خصوصی کے رام موہن راؤ نے آج دفتر وزیر اعظم میں مملکتی وزیر جتیندر سنگھ سے ملاقات کی اور درخواست کی کہ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے افراد کو جموں و کشمیر میں ممکنہ مدد کی فراہمی کیلئے وہاں کی ریاستی حکومت کو ہدایت کی جائے۔ جموں و کشمیر میں خطرناک سیلاب کے سبب آندھرا پردیش کے تقریباً 60طلبہ پھنس گئے ہیں۔ رام موہن راؤ نے کہا کہ تمام طلبہ سرینگر میں واقع ایک کالج میں بحفاظت موجود ہیں۔جموں و کشمیر کے مختلف کالجس میں آندھراپردیش کے طلبہ زیر تعلیم ہیں۔