کشمیر میں ریل خدمات 2 روز بعد بحال

سرینگر ، 24جون (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں دو دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات ہفتہ کی صبح بحال کردی گئیں۔ یہ خدمات 22 جون کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ میں ایک مسلح تصادم کے دوران تین مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں ایک عام نوجوان کے ہلاک ہونے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر معطل کردی گئی تھیں۔ تاہم وادی میں جمعہ کو علیحدگی پسند قیادت احتجاج کے اعلان کے پیش نظر ریل خدمات کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھا گیا تھا۔ ریلوے عہدیدار نے بتایا ‘ ہم نے آج تمام ریل گاڑیوں کی معمول کی خدمات بحال کردیں’۔ انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا فیصلہ مقامی سیول و پولیس انتظامیہ کے مشورے پر کیا گیا تھا، اور ان سے گرین سگنل ملنے کے بعد خدمات کو بحال کردیا گیا۔