کارگل ریاست کا سرد ترین مقام ،سیاحتی مرکز گلمرگ بھی سردی کی لہر کی زد میں
سرینگر 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر کے بیشتر حصوں میں چمکدار اور دھوپ سے بھر پور صبح کا منظر دیکھا گیا حالانکہ درجہ حرارت رات کے دوران نقطہ انجماد کے آس پاس رہا ۔ جموں و کشمیر کا گرمائی دارالحکومت سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر کئی مقامات میں کل ایک گرم دن محسوس کیا گیا کیونکہ مطلع صاف تھا اور سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا تھا ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ آج بھی حالات جوں کے توں ہیں ۔ موسم میں آئند چند دن تک کسی بڑ ی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔ اس نے کہا کہ موسم سرد اور خشک رہے گا ۔ راتیں سرد رہیں گی ۔ 40 دن سے سخت سردی محسوس کی جارہی ہے ۔31 ڈسمبر سے ریاست میں سردی کی شدت برقرار ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب رات کا درجہ حرارت کل رات سرینگر میں منفی 1.8 درجہ سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ سابق رات یہ منفی 1.6 تھا ، شہرہ آفاق سیاحتی مرکز گلمرگ جو ملک گیر سطح پر بلکہ بیرون ملک بھی فلم سازوں کیلئے پرکشش ہے منفی 7 درجہ سلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ رات منفی 7.6 تھا ۔ پہلگام میں جو امرناتھ یاترا کی پہلی منزل ہے درجہ حرارت منفی 3.6 درجہ رہا ۔ یہ گذشتہ رات 2.2 درجہ سیلسیس تھا ۔ وادی کشمیر کے باب الداخلہ قاضی گنڈ میں اقل ترین درجہ حرارت دو درجہ سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو ایک دن قبل 2.2 تھا ۔ کپواڑہ میں درجہ حرارت منفی 1.1 درجہ سیلسیس تھا کل یہ صفر درجہ سیلسیس تھا ۔ کوکر ناگ میں منفی 1.6 اور کارگل میں جو سرد ترین مقام ہے منفی 14.4 درجہ سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈکیاگیا ۔