سری نگر،29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکورٹی فورسزنے جنگجووں کے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنادیا ہے ۔جنوبی کشمیر علاقے کے ڈپٹی پولیس ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ریاستی پولیس اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک مشترکہ ٹیم پر کل رات جنگجووں نے پلوامہ عدالت کے احاطے کے قریب اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ سیکورٹی فورسز نے بھی فوری طور پر جوابی کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کسی جان و مال کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔ جنگجووں کو پکڑنے کے لئے منظم تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے ۔دریں اثناء جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہفتہ کے روز فوج کی مبینہ فائرنگ میں دو نوجوا ن ہلاک اور دیگر نو شہریوں کے زخمی ہونے کے بعد سیکورٹی وجوہات کے پیش نظر جنوبی کشمیر میں آج مسلسل دوسرے دن بھی ریلوے نظام درہم برہم رہا۔اس واقعہ سے متعلق فوج پہلے ہی اپنا رویہ ظاہر کر چکی ہے ۔ فوج کے مطابق مظاہرین کی جانب سے کئے جا رہے زبردست پتھراؤ سے اپنا دفاع کرنے کے لئے فوج کے جوانوں نے گولیاں چلائیں تھیں۔پتھراؤ میں فوج کا ایک جے سي او اور سات دیگر فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ریلوے کے ایک سینیئر افسر نے آج صبح کو بتایا کہ سیکورٹی کے مدنظر جنوبی کشمیر میں سبھی ریل خدمات روک دی گئی ہیں۔ افسر نے بتایا کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ رات جاری مشورہ کے بعدجنوبی کشمیر میں سبھی ریل خدمات کو روک دیا گیا ہے ۔ بڈگام ۔ سری نگر سے اننت ناگ ۔ قاضی گنڈ اور جموں کے بانہال کے درمیان سبھی ٹرینیں روک دی گئی ہیں۔شمالی کشمیرکے سرینگر۔بڈگام سے بارہمولہ ریلوے روڈ پر تمام ٹرینیں وقت سے روانہ ہونگی۔