سری نگر ، 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے پولنگ والے علاقوں میں دی گئی ‘ہڑتال’ کی کال کے پیش نظر وادی میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات چہارشنبہ کو معطل رکھی گئیں۔
وادی میں 8 اکتوبر کو پہلے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر بھی ریل خدمات کو معطل رکھا گیا تھا۔ محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ خدمات سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ایک دن کے لئے معطل رکھی گئی ہیں۔ محکمہ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘ہم نے آج (بدھ کے روز) چلنے والی تمام ریل گاڑیاں معطل کردی ہیں’۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر سے براستہ جنوبی کشمیر جموں خطہ کے بانہال تک کوئی ریل گاڑی نہیں چلے گی۔ اسی طرح سری نگر اور بارہمولہ کے درمیان بھی کوئی ریل گاڑی نہیں چلے گی۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا ‘ہمیں گذشتہ شام ریاستی پولیس کی طرف سے ایک ایڈوائزری موصول ہوئی جس میں ریل خدمات کو احتیاطی طور پر معطل رکھنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ ہم نے اس ایڈوائزری پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریل خدمات کو دن بھر کے لئے معطل رکھنے کا فیصلہ لیا۔ پولیس کی طرف سے گرین سگنل ملنے پر ریل خدمات کو بحال کیا جائے گا’۔ انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا فیصلہ ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں اور ریلوے املاک کو نقصان سے بچانے کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔
کنویں سے 5 معصوم بھائیوں کی لاشیں برآمد
بڑوانی، 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع بڑوانی میں آج صبح ایک شخص کے پانچ بچوں کی لاشیں کنویں سے ملنے کے واقعہ سے سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ پانچوں معصوم بچے اس شخص کی دو بیویوں سے تھے ۔ باپ اور دونوں مائیں فی الحال لاپتہ ہیں۔
سیندھوا دیہی پولیس ذرائع نے بتایا کہ چکھلی گاؤں میں آج صبح ایک قبائلی بھرت سنگھ کے پانچ چھوٹے بچوں کی لاشیں کنویں سے ملی ہیں۔ پانچوں بچوں کی عمریں دو سے چھ برس کے درمیان ہیں۔ بھرت سنگھ کی دو بیویاں ہیں، ایک بیوی سے اس کے چار اور دوسری سے ایک بچہ ہے ۔ پولیس نے ابتدائی جانچ کی بنیاد پر خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کنبے میں کسی تنازع کے سبب یہ واقعہ انجام دیا گیا ہوگا۔ یہ کنبہ مہاراشٹر میں مزدوری کرتا تھا۔ کنویں سے لاشیں نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔