جموں 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خط قبضہ پر سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے مزید فوجی تعینات کردیئے گئے ہیں کیونکہ برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے ۔ ایک اعلی سطحی فوجی کمانڈر نے کہا کہ سرحد پار سے در اندازی کی خط قبضہ پر کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے فوج چوکس ہے ۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف شمالی کمان لیفٹننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خط قبضہ پر تعینات فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور سیلاب سے جس جگہ باڑ کو نقصان پہنچاتھا‘ اس کی مرمت کردی گئی ہے۔دریں اثناء فوج میں تقررات کیلئے منعقدہ ریالی میں کم از کم پانچ افراد بشمول ملازمین پولیس اور ایک خاتون فوج کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہوگئے ۔ انتشار اس وقت پیدا ہوا جبکہ علاقائی فوج کی تقررات ریالی سبسیڈیری ٹریننگ سنٹر پر منعقد کی گئی ۔