سرینگر 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں فوج کی تلاشی مہم کے دوران ایک مطلوب حزب المجاہدین کا عسکریت پسند گرفتار کرلیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے مضافات میں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران حزب المجاہدین کمانڈر ہریان وانی کا قریبی ساتھی طارق پنڈت پکڑا گیا۔ جوکہ عرصہ دراز سے پولیس کو مطلوب تھا۔ ہریان وانی کی زیرقیادت 11 عسکریت پسندوں کی ٹولی میں طارق پنڈت بھی شامل ہے جس کی تصویر گزشتہ سال فیس بُک پر پوسٹ کی گئی تھی جس میں وہ ہتھیار تھامے ہوئے تھا۔
جموں و کشمیر میں سگریٹ اور بیڑیوں کی چلر فروشی پر پابندی
سرینگر 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت جموں و کشمیر نے ریاست میں کھلے سگریٹ، بیڑیاں اور تمباکو فروخت (چلر فروشی) پر پابندی عائد کردی ہے تاکہ نوجوانوں میں تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے حکومت نے ریاست میں کھلے سگریٹ، کھلی بیڑیاں اور کھلے تمباکو کی فروخت پر فی الفور پابندی عائد کردی ہے۔ گلوبل اڈلٹ ٹوبیکو سروے 210 کے مطابق ملک گیر سطح پر جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ سگریٹ نوشی کی جارہی ہے۔
ٹاملناڈو میں وقف بورڈ کی ذمہ داری مسلم وزیر کے حوالے
چینائی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قلمدانوں میں معمولی ردوبدل کرتے ہوئے حکومت ٹاملناڈو نے آج وزیر لیبر نیلوفر قبیل کو وقف بورڈ بھی مختص کردیا۔ گورنر کے روشیا نے چیف منسٹر جیہ للیتا کی یہ سفارش قبول کرلی کہ وقف بورڈ کی ذمہ داری وزیر پسماندہ طبقات ایس ولارمتی سے نیلوفر کے حوالے کردیا جائے۔
راج بھون نے آج یہ اطلاع دی۔