نئی دہلی، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سینٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے رخصت پذیر ڈائریکٹر جنرل کے درگا پرساد نے آج کہا کہ کشمیر میں حالات حساس ضرور ہیں لیکن پہلے کے مقابلے میں وادی کے حالات میں کافی بہتری آئی ہے ۔ درگا پرساد نے یہاں اپنی الوداعی تقریب کے موقع پر کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پتھراؤ کے واقعات اب بھی ہوتے ہیں لیکن حالات پہلے سے بہتر ضرور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دہشت گردی کی طرف جانے سے روکنے میں میڈیا اور سوشل میڈیا بڑا کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ اس کی پہونچ بہت وسیع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری بات یہ بھی ہے کہ نوجوان اپنی باتیں اور اپنے خیالات کا تبادلہ کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے ذرائع کا بھرپور استعمال کرتے ہیں۔ اس میڈیا کے ذریعے اگر ان تک صحیح باتیں پہنچائی جائیں تو اس کا بڑا فائدہ ہوگا۔داخلی سلامتی میں سی آر پی ایف کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سی آر پی ایف کے جوان اپنی جان کی بازی لگا کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں، ملک میں حساس مقامات پر اس فورس کے جوانوں کی تعیناتی سب سے زیادہ ہے ۔ دہشت گردی ہو یا نکسل واد ہر جگہ سی آر پی ایف کے جوان اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے امرناتھ یاترا کو محفوظ اور منظم انداز میں کامیاب بنانے میں بھی اس فورس کابڑا رول رہا ہے ۔