کشمیر میں جنگ بندی ‘ راجناتھ پر بی جے پی رکن اسمبلی کی تنقید

بلیا (اتر پردیش ) 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو جموں و کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران جنگ بندی کا فیصلہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے کہا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے گولی کا جواب گولی سے دیاجانا چاہئے ۔16 مئی کو مرکزی حکومت نے سکیوریٹی فورسیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ ماہ رمضان کے دوران شورش پسند تنظیموں کے خلاف کارروائیاں نہ کرے تاہم انہیں حملہ کئے جانے کی صورت میں جوابی کارروائی کا اختیار حاصل رہے گا ۔ بیریا حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کا جنگ بندی کا فیصلہ غلط تھا ۔ کسی گولی کا سیدھا جواب گولی ہے بات چیت نہیں ۔ واضح رہے کہ جنگ بندی کے باوجود عسکریت پسندوں نے اپنی کارروائیاں جاری رکھی تھیں۔ کل جمعرات کو سینئر صحیفہ نگار شجاعت بخاری کو دہشت گردوں نے ان کے دفتر کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جبکہ چند گھنٹے قبل ہی ایک ہندوستانی فوجی اہلکار کا اغوا کرلیا گیا تھا اور پھر اس کی نعش دستیاب ہوئی ۔ سریندر سنگھ نے کانگریس صدر راہول گاندھی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ حالانکہ وہ بڑے خاندان میں پیدا ہوئے ہیں لیکن وہ کبھی وزیر اعظم نہیں بن پائیں گے ۔