کشمیر میں جدوجہد کو پاکستانی حوصلہ کی ضرورت : مشرف

اسلام آباد ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) طویل عرصہ خاموشی کے بعد سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف نے مخالف ہندوستان تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہیکہ پاکستان کو انہیں ’’جوش دلانے کی‘‘ ضرورت ہے جو کشمیر میں ’’جدوجہد‘‘ کررہے ہیں۔ ’’ہمارے پاس (کشمیرمیں) وسائل ہیں، جس کے علاوہ (پاکستان) آرمی ہے… کشمیر کے عوام (ہندوستان) کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ ہمیں بس انہیں حوصلہ دینے کی ضرورت ہے‘‘ 71 سالہ ریٹائرڈ جنرل نے جو موجودہ طور پر غداری کے کیس میں ضمانت پر رہا ہیں، ایک ٹی وی چینل کو یہ بات بتائی۔ مشرف جنہوں نے کارگل لڑائی کے فوری بعد 1999ء میں اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا، انہوں نے کہا کہ آرمی (ہندوستان کے ساتھ) جنگ کیلئے تیار ہے اور پاکستان کے لاکھوں لوگ آگے بڑھ کر کشمیر کیلئے جدوجہد کرنے آمادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کو اس گمان میں نہیں رہنا چاہئے کہ پاکستان جوابی کارروائی نہیں کرے گا۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے پاس حالیہ فائرنگ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیر میں ہم اگلے اور پچھلے دونوں محاذ سے انڈین آرمی کے ساتھ لڑ سکتے ہیں۔ ہم مسلمان ہیں، ہم ایک گال پر طمانچہ پڑے تو دوسرا گال نہیں پیش کریں گے‘‘۔