کشمیر میں بدامنی ‘ منصوبہ بند ‘ ۔ صرف مٹھی بھر عناصر ملوث : محبوبہ مفتی

جموں 22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ ادعا کرتے ہوئے کہ کشمیر میں بدامنی منصوبہ بند ہے چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ مٹھی بھر عناصر عمدا وادی کو سلگتا ہوا رکھنا چاہتے ہیں جبکہ 95 فیصد لوگ امن پسند ہیں اور انہیں صرف پانچ فیصد افراد کی غلطیوں کی سزا نہیں دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بچوں کو مفادات حاصلہ کی جانب سے پناہ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے جبکہ سکیوریٹی فورسیس کے کیمپس اورٹھکانوں پر انہیں مشتعل کرنے حملے کئے جا رہے ہیں۔ اسی کے نتیجہ میںوہ معصوم بچے جان گنوا رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے موافق آزادی نعرے بلند کرنے والوں کو پیام دیتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ پاکستان ‘ شام ‘ترکی اور افغانستان جیسے اسلامی ممالک میں مسلمانوں کی حالت زار دیکھیں حالانکہ یہ ممالک آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی سماج میں بندوق کا دخل ہوجاتا ہے تو آزادی کے معنی فوت ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ کہتی رہی ہیں کہ بندوق سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔ سگنباری سے مسئلے حل نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی کوئی شکایت ہو وہ آگے آکر اس پر بات چیت کرسکتا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ وہ عید کے بعد کئی ترقیاتی پروگراموں کا منصوبہ رکھتی ہیں لیکن یہ تشدد اور بدامنی منصوبہ بند ہے ۔ کچھ عناصر صرف یہ چاہتے ہیں کہ بدامنی جاری رہے اور وہ اسی منصوبے پر کاربند ہیں۔ جب کبھی حالات معمول پر آتے ہیں انہیں بگاڑ دیا جاتا ہے ۔