جموں۔ 17؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے اچانک سیلاب آنے پر 2 خواتین پانی میں بہہ گئیں جب کہ ایک شخص ضلع راجوری میں مکان منہدم ہونے سے ہلاک ہوگیا۔ 30 سے زیادہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ضلع سامبا میں بچالیا گیا۔ دو بہنیں نرویز اختر اور بیگم اختر اچانک سیلاب آنے سے دریائے ہبی میں بہہ گئیں۔ پولیس اور سرکاری عہدیداروں کی خبر کے بموجب ان کی نعشیں بچاؤ کارروائی کے دوران برآمد کرلی گئیں۔ مٹی کا ایک مکان زبردست بارش کی وجہ سے چیمی کالابن کے علاقہ میں منہدم ہونے سے اس کا مالک محمد فاروق اور اس کی بیوی رشیدہ بیگم شدید زخمی ہوگئی تھیں جن میں سے رشیدہ بیگم کا انتقال ہوگیا۔ زبردست بارش اور اچانک سیلاب کی وجہ سے کئی دیہات باقی ریاست سے کٹ کر الگ تھلگ ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی سرحد کے قریب پولیس نے 30 دیہاتیوں کو سیلاب سے بچالیا۔ ایک 40 سالہ شخص دریائے دیوک میں بہہ گیا جب کہ پُل ٹوٹ کر دریا میں گرگیا تھا۔ اس شخص کی شناخت چبوترہ بازار اودھم پور کے نند کشور کی حیثیت سے کی گئی ہے۔