حیدرآباد 21 جون ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گی اور وادی میں امن قائم کرنے کے عہد کی پابند ہے ۔ مرکزی وزیر ہنس راج آہیر نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مسئلہ کو ہمیشہ کیلئے حل کرنا چاہتے ہیں۔ وہاں علیحدگی پسند ‘ دہشت گرد اور پاکستان جو کچھ کر رہے ہیں اس کا خاتمہ کیا جائیگا ۔ حکومت اسے برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی ملک کے خلاف ہوگا ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ ہم منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے کے عہد کی پابند ہے کشمیری عوام کو معمول کی زندگی گذارنے کا موقع فراہم کرنا اہمیت کا حامل ہے ۔ وادی میں کچھ تنظیموں کی جانب سے بند کے اعلان پر انہوں نے کہا کہ بند کا اعلان چاہے دہشت گرد کریں یا علیحدگی پسند کریں ہم کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہے اور ہم قوم کے مفاد کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کریں گے ۔