سرینگر۔یکم اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکام نے آج سارے کشمیر میں احتجاجوں کے تناظر میں تمام تعلیمی اداروں کی تدریسی سرگرمیوں کو معطل کردیا ہے۔ یہ احتجاج سیکورٹی فورسیس کے ساتھ انکاؤنٹر میں سرکردہ لشکر طیبہ کمانڈر ابو دوجانا کی ہلاکت پر کیا جارہا ہے۔ ڈیویژنل کمشنر، کشمیر، بصیر احمد خان نے بتایا کہ تمام اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز کو دن بھر کیلئے بند کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام موجودہ صورتحال کے پیش نظر بطور احتجاج کیا گیا ہے۔ آج صبح جنوبی کشمیر کے ضلع پلواما میں ابودوجانا کے بشمول 2 لشکر طیبہ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد وادی کے کئی حصوں میں جھڑپیں چھڑ گئیں۔ آج کے احتجاج میں ایک عام شہری کی ہلاکت ہوئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسیس نے مقام واقعہ کے قریب سنگباری کرنے والے احتجاجیوں پر فائرنگ کردی۔ حکام نے ساری وادی میں موبائیل انٹرنیٹ سرویس کو بھی معطل کردیا ہے۔