کپواڑہ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز اس بات کا اعادہ کیا کہ وادی کشمیر میں جنگجوؤں کے خلاف سیکورٹی فورسز کے آپریشنز پر لگی روک میں توسیع کا فیصلہ سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور ریاستی نمائندوں سے بات چیت کے بعد ہی لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ روز میں سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس بلایا جائے گا جس میں ‘آپریشنز کی معطلی’ میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ لے لیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ڈاک بنگلہ کپواڑہ میں عوامی وفود سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ‘کچھ دنوں کے بعد ہم بیٹھیں گے ، پوری سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہاں کے کچھ نمائندوں سے بھی بات کریں گے ۔ اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا’۔ اس سے قبل راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو سری نگر میں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع کے ایس کے آئی سی سی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنز پر لگی روک میں توسیع کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔