کشمیر میں آزادی کی مانگ کبھی پوری نہیں ہوگی:سربراہ فوج

نئی دہلی’ 10مئی (سیاست ڈاٹ کام)آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کشمیر میں بدامنی پھیلانے والے گروپوں کو واضح اور ٹھوس الفا ظ میں متنبہ کیا ہے کہ ان کی آزادی کی مانگ کبھی بھی پوری نہیں ہونے والی ہے اور فوج سے کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ہے ۔جنرل راوت نے واضح لفظوں میں کہا کہ ہم سے لڑوگے تو ہم بھی لڑیں گے ۔ کشمیر میں نوجوانو ں کے بندوق اٹھانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں اور انہیں بتارہے ہیں کہ اسی راستے پر چلنے ے آزادی ملے گی لیکن یہ انہیں گمراہ کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے ۔بری افواج کے سربراہ نے انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس کو دئے گئے انٹرویو میں کہا ” میں کشمیری نوجوانوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ کشمیر کی آزادی ناممکن ہے ۔ کشمیر کو کبھی آزادی نہیں ملنے والی اور یہ کبھی نہیں ہونے والا ۔”انہوں نے کہا کہ بندوق اٹھانے والے کشمیر ی نوجوانوں سے انہیں صرف اتنا ہی کہنا ہے کہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا ہے ۔ فوج سے کوئی لڑ نہیں سکتاہے ۔نوجوانوں نے بلا وجہ اصل دھارے سے الگ نہیں ہونے کی اپیل کرتے ہوئے جنرل راوت نے کہا کہ ہماری لڑائی ان سے ہے جو کشمیر کی آزادی کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ وادی میں ہونے والے تصادم میں مارے گئے انتہاپسندوں کی تعداد کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے کیوں کہ انہیں پتہ ہے کہ یہ سلسلہ آگے بھی ایسے ہی چلتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی تصادم میں ہونے والی اموات سے تکلیف ہوتی ہے ۔ ہمیں اس پر کوئی خوشی نہیں ہوتی لیکن ادھر سے لوگ لڑیں گے تو ہمار ے پاس بھی پوری طاقت سے لڑنے کے علاوہ اور کوئی متبادل نہیں بچتا۔ کشمیر کے لوگوں کو خود سمجھنا چاہئے کہ ملک کی سیکورٹی فورس اتنی بے رحم نہیں ہے جتنے دیگر ملکوں کی ہے ۔ پاکستان اور شام میں تو ایسے حالات میں شرپسندوں سے نمٹنے کے لئے ٹینک اور فضائی حملے کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا۔ ہندوستانی فوج تمام چیلنجز کے باوجود شہریوں کی سلامتی کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ کشمیر کے نوجوانوں کی ناراضگی کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیکن جوانوں پر پتھر پھینکنا توراستہ نہیں ہے ۔