سرینگر۔26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ وادی میں رمضان کے دوران انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو معطل کیا گیا تو سنگباری کے واقعات میں قابل لحاظ کمی دیکھی گئی ۔ اس سے میرے موقف کی وضاحت ہوتی ہے کہ جنگ بندی سے تشدد میں کمی آئے گی اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ وادی کشمیر کی صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے ۔ کل راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں کشمیر میں سنگباری کے واقعات کم ہوگئے ہیں ۔ خاص کر رمضان کے مہینہ میں فوجی کارروائیوں کو معطل کرنے سے سنگباری میں کمی آئی ۔ 17مئی تا 17جون 2018ء کے دوران سنگباری کے زائد از 117واقعات رونما ہوئے ۔