واشنگٹن 17 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت میں جبکہ امریکہ پوری طاقت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے امریکہ نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کو اپنے مسائل باہمی طور پر حل کرنے چاہئیں۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے کل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے جو کچھ کہا ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔ ہم یہی چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان باہمی طور پر یہ مسئلہ حل کرلیں۔ ان سے پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورموں میں پیش کرنے کے تعلق سے سوال کیا گیا تھا ۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے ۔ وہ اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ بھی ہوگئے ہیں۔ نواز شریف نے کشمیر پر تقریبا 20 نمائندوں کا تقرر عمل میں لایا ہے جو دنیا بھر میں مختلف ممالک کا دورہ کرکے کشمیر پر اظہار خیال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس کوشش پر وہ کچھ نہیں کہیں گے اس پر پاکستان ہی کو تبصرہ کرنا چاہئے ۔