اسلام آباد۔2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہا کہ کشمیر ایک قانونی مسئلہ ہے اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق استصواب عامہ کے ذریعہ یکسوئی ہونی چاہئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان تسنیم اسلم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ ہند۔ پاک مذاکرات کشمیر پر اقوام متحدہ قراردادوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔ ان قراردادکے ذریعہ کشمیر میں استصواب عامہ کی تائید کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین شملہ معاہدہ سے اقوام متحدہ کی قراردادیں بے اثر نہیں ہوجاتیں۔ انہوں نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں استصواب عامہ کرایا جائے۔