کشمیر شاہراہ پر جنگجوؤں کا فوجی قافلے پر حملہ، انکاؤنٹر جاری

سری نگر4دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جنگجوؤں کی جانب سے فوجی قافلے پر حملے کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوگیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع کولگام کے بونہ گام قاضی گنڈ میں پیر کو دوپہر کے وقت جنگجوؤں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا ‘اس حملے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے ‘۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حملے کے مقام سے فرار ہونے کے بعد جنگجو نذدیک میں واقع ایک اسکول میں داخل ہوئے ۔ انہوں نے بتایا ‘تاہم سیکورٹی فورسز نے مذکورہ اسکول کو فوری طور پر محاصرے میں لیا۔ اگرچہ جنگجوؤں کو خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے گیا گیا، تاہم انہوں نے اس کے بجائے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی’۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے ۔