سری نگر ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر میں شادی، ولیمہ اور دوسری سماجی و سرکاری تقریبات میں بے جا اسراف اور فضول خرچی پر پابندی کا اطلاق ہفتہ کے روز سے شروع ہوگیا ہے ۔ خیال رہے کہ ریاستی حکومت نے شادی بیاہ و دیگر تقریبات (سرکاری و غیر سرکاری) میں اسراف اور فضول خرچی کو روکنے کے حوالے سے جاریہ سال 20فروری کو ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں 27 مارچ کو معمولی ترمیم کی گئی۔ حکم نامے کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں میں مہمانوں کی تعداد بالترتیب 400 اور 500 مقرر کی گئی ہے جبکہ چھوٹی تقریبات جیسے منگنی و دیگر میں 100مہمانوں کو دعوت دی جاسکتی ہے ۔ ایک گھر میں لڑکے اور لڑکی کی بہ یک وقت شادی پر 600مہمانوں کو دعوت دی جاسکتی ہے ۔ حکم نامے میں شادی کی تقریبات میں ڈی جے یا دوسرے میوزک سسٹم کے استعمال پربھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دفعہ188سی آر پی سی اور سیکشن 133 سی آر پی سی کے تحت کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔