سری نگر ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں جمعرات کی علی الصبح ہونے والے ایک مختصر مسلح تصادم میں ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مارا گیا جنگجو لشکر طیبہ سے وابستہ تھا۔ انہوں نے کہا ‘حاجن میں آج صبح جموں وکشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ آپریشن کے دوران لشکر طیبہ کے ایک جنگجو کو ہلاک کیا۔ ہلاک کئے جانے والا جنگجو ظاہری طور پر غیر ملکی ہے ‘۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حاجن کے شکور دین علاقہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں جمعرات کی علی الصبح تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے پورے علاقہ کو چاروں اطراف سے محاصرے میں لیا۔