سری نگر، 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر اور خطہ جموں کے سرمائی زون میں پیر کے روز قریب تین ماہ کی سرمائی تعطیلات کے بعد تمام ہائی اور ہائر سکینڈری اسکول دوبارہ کھل گئے ۔ پرائمری اور مڈل اسکول سرمائی تعطیلات کے بعد 5 مارچ کو کھلیں گے ۔ وادی میں گذشتہ چند برسوں میں ایسا پہلی بار ہوا جب سرمائی تعطیلات میں توسیع کئے بغیر کالج، ہائی اور ہائر سکینڈری اسکول خشک موسم کے نتیجے میں اپنے مقررہ وقت پر کھل گئے ۔ پیر کی صبح وادی کے تمام حصوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر کے ہر ایک علاقہ اور محلے سے طالب علموں کو اپنے اپنے اسکولوں کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیاجبکہ طالب علموں کی ایک بڑی تعداد کو اسکول بسوں کا انتظار کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔