کشمیر :بسوں و دیگر گاڑیوں کی ہڑتال جاری

سرینگر ، 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں اضلاع اور گرمائی دارالحکومت سری نگر کے درمیان چلنے والی بسوں اور منی بسوں کی ہڑتال جمعرات کو دوسرے دن میں داخل ہوگئی۔ یہ ہڑتال ‘کشمیر ٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسو سی ایشن (کے ٹی ڈبلیو اے )’ کی کال پر سری نگر میں جنرل بس اسٹینڈ بتہ مالو کو پارمپور منتقل کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کی جارہی ہے ۔ہڑتال کی وجہ سے وادی کے تمام اضلاع کو سری نگر کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر بسوں اور منی بسوں کی آمدورفت مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی جس کے نتیجے میں ان بسوں کے ذریعے ہر روز سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو ایک بار پھر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹی مسافر گاڑیاں بشمول ٹاٹا سومو گاڑیاں بھی معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ کے ٹی ڈبلیو اے کا کہنا ہے کہ بس اسٹینڈ کی پارمپورہ منتقلی سے جنرل بس اسٹینڈ بتہ مالو میں سینکڑوں بسوں اور منی بسوں سے منسلک افراد کا ذریعہ معاش بری طرح سے متاثر ہوگا۔ٹرانسپورٹرس ایسو سی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت نے بس اسٹینڈ کی منتقلی پر اپنا فیصلہ نہیں بدلا تو وہ اپنی ہڑتال میں مزید شدت لائیں گے ۔