سری نگر ، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں جمعرات کو جنگجوؤں اورفوج کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوگیا۔ ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ‘بانڈی پورہ کے ا سملر نامی گاؤں میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ یہ آپریشن اب مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج کی 14 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے جمعرات کو دوپہر کے وقت بانڈی پورہ کے سملر نامی گاؤں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا ‘تلاشی آپریشن کے دوران گاؤں میں موجود جنگجوؤں نے فوج پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا’۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم جاری تھا۔