سری نگر ۔9 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کے مختلف بالائی حصوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی برف باری ہوئی۔ اس کے علاوہ میدانی علاقوں میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہوئیں۔ تازہ برف باری اور بارشوں سے وادی کے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے میدانی علاقوں میں بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے آئندہ 36 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے ۔ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں سری نگر لداخ قومی شاہراہ پر واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں منگل کی صبح برف باری ہوئی۔ برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے قریب دو گھنٹوں تک جاری رہا۔ اطلاعات کے مطابق برف باری کی وجہ سے سونہ مرگ میں موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور وہ اپنے ہوٹلوں و گیسٹ ہاؤسوں سے باہر آکر گرتی ہوئی برف کا لطف لینے لگے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وقت سے پہلے برف کا گرنا سیاحت کیلئے اچھا ہے ۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ اور کھلن مرگ میں بھی تازہ برفباری ہوئی ہے ۔