چندی گڑھ ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے آج تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کشمیر اور نکسلائیٹ جیسے دیرینہ حل طلب مسائل پر بیک آواز ہوکر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماؤنواز تشدد اور مسئلہ کشمیر، مودی حکومت کی پیداوار نہیں ہیں بلکہ کانگریس جو ایک طویل عرصہ تک برسراقتدار رہی ہے، بہت پہلے ہی ان مسائل کو حل کرسکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ان مسائل کی مؤثر یکسوئی کے عہد کی پابند ہے۔ وینکیا نائیڈو نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی سلامتی سے متعلق مسائل پر بیک آواز ہوکر بات کریں۔ نکسلائیٹوں اور عسکریت پسندوں کے ہاتھوں سیکوریٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’جمہوریت میں نکسل واد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم انہیں منہ توڑ جواب دیں گے‘‘۔ وینکیا نائیڈو نے سوال کیا کہ سیکوریٹی فورسیس کی کارروائیوں میں انتہاء پسندوں کی ہلاکت پر انسانی حقوق کارکن آخر کیوں شورمچاتے ہیں اور نکسلائٹس نے متاثرہ علاقوں میں ماؤنوازوں کے حملوں اور جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کیحملوں میں سپاہیوں کی ہلاکتوں پر خاموشی اختیار کرتے ہیں۔