جموں ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) کشمیری پنڈتوں نے آج ان کی برادری کی وادی کشمیر میں بازآباد کاری پر اعتراض کی بناء پر پاکستان پر تنقید کی اور کہا کہ اسے ہندوستان پر حکم چلانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ پنون کشمیر نے کہاکہ علحدگی پسند اور اصل دھارے کے کشمیری سیاسی قائدین فیصلہ کریں گے کہ کشمیری پنڈتوں کو کہاں اور کیسے بسایا جانا چاہئے، پنڈتوں کی برادری فیصلہ کرے گی کہ وہ اپنی زندگی کیسے گذاریں گے اور کیا کشمیر سے باہر سکونت اختیار کریں گے۔ وزارت خارجہ پاکستان نے کل کشمیری پنڈت برادری کی وادی کشمیر میں بازآباد کاری کی تجویز کو ہندوستان کی ایک سازش قرار دیا تھا جو ہندوستان کی واحد مسلم غالب آبادی والی ریاست میں آبادیاتی توازن کو بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے صدر پنون کشمیر اشونی کمار چنگو نے کہا کہ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا بیان مکمل طور پر بکواس اور غیرضروری ہے۔ پاکستان کو ہندوستان کے داخلی امور اور کشمیری پنڈتوں کے مسئلہ میں دخل اندازی کا کوئی حق نہیں ہے۔ سرینگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدر میر واعظ عمر فاروق نے آج کہا کہ بااثر علمائے دین کا ایک وفد آئندہ ہفتہ کشمیری پنڈتوں سے ملاقات کرے گا تاکہ انہیں وادی کشمیر میںان کے آبائی مقامات پر واپس آنے کی ترغیب دے سکے۔
متحدہ مجلس علماء کے علمائے دین عمر فاروق کی زیرقیادت پنون کشمیر سے ملاقات کریں گے۔ یہ وفد پیر کے دن جموں کیلئے روانہ ہوجائے گا۔ وہ جامع مسجد سرینگر میں جمعہ کا خطبہ دے رہے تھے۔ حریت کانفرنس کے صدرنشین نے حکومت پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے مبینہ طور پر مستقل سکونت کا سرٹیفکیٹ اسکولی تعلیم کیلئے لازم ی قرار دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ریاستی عوام کو غیرمقیم قرار دینے اور مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کو ریاست جموں و کشمیر کی آبادیاتی خصوصیت کو تبدیل کرنے کا موقع فراہم کرنے کی ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بی جے پی ۔ آر ایس ایس کے عزائم سے بخوبی واقف ہیں اور تمام سطحوں پر سختی سے اس کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ریاست سے باہر کے عوام کو مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ عطا کئے جائیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
قیمتوں میں اضافہ کی مذمت ،سی پی ایم
نئی دہلی ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): سی پی ایم نے آج حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اندھا دھند اضافہ کی مذمت کی ہے ۔ اور کہا کہ اس فیصلہ سے محنت کشوں پر غیر معمولی بوجھ عائد ہوگا ۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ اس تازہ بوجھ کے خلاف احتجاج کریں ۔