کشمیری پنڈتوں کو جلد اراضی کی فراہمی جامع ٹاؤن شپس کی تعمیر کی توجہ ۔ چیف منسٹر مفتی سعید کی یقین دہانی

نئی دہلی 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے بے گھر کشمیری پنڈت مہاجرین کیلئے وادی میں کوئی مناسب اراضی حاصل کرکے جلد فراہم کی جائیگی تاکہ وہاں جامع ٹاؤن شپس بنائی جاسکیں ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو یہ بات بتائی ۔ مفتی سعید مرکزی قائدین سے ملاقاتوں کیلئے دہلی آئے ہوئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے ان سے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ کشمیری پنڈتوں کیلئے اراضی فراہم کرے جنہیں تخریب کاری کے بعد وادی سے نقل مقام کرنا پڑا تھا ۔ راج ناتھ سنگھ نے سابقہ چیف منسٹر عمر عبداللہ کی حکومت کو ایک مکتوب اس سلسلہ میں روانہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ریاستی گورنر این این ووہرہ کو بھی مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس طرح کے تارکین وطن کیلئے اراضی کی نشاندہی کی خواہش کی تھی ۔ فی الحال ملک میں 62,000 رجسٹرڈ کشمیری پنڈتوں کے خاندان ہیں جو بے گھر ہوئے تھے ۔