کشمیری قوم کے ساتھ غداری کرنے والوں کو اللہ نہیں بخشے گا:فاروق عبداللہ

کولگام25اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اس بے کس (کشمیری) قوم کے ساتھ غداری کرنے والے کو اللہ نہیں بخشے گا۔جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ میں ایک الیکشن جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا ’جو اس قوم کے ساتھ غداری کرے گا اللہ اس کو نہ اس دنیا میں بخشے گا اور نہ اُس دنیا میں بخشے گا۔ اگر آپ نے صحیح ایمان دکھانا ہے تو پہلے اللہ سے ہی مدد مانگنی چاہئے ، اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے ، اللہ کی طاقت کے برابر کوئی طاقت نہیں ہے ‘۔وادی میں رواں پارلیمانی انتخابات میں ووٹنگ کی کم شرح ریکارڑ ہونے کو بہت بڑی سازش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ‘یہ ایک سازش ہے کہ لوگ ووٹ نہیں ڈالیں گے ، یہی راستہ ہے ، بندوق سے راستہ نہیں بنا ہے ، بندوق کوئی راستہ نہیں ہے اگر کوئی راستہ ہے تو وہ صندوق ہے جو ہمارے تشخص کو بچا سکتا ہے ۔