کشمیری عوام ’سسٹم‘کا شکار ،انہیں گلے لگانے کی ضرورت

انتہاپسندوں کی موت پراظہار مسرت نہ کریں، کشمیر کیڈر کے آفیسر کا تاثر
ممبئی ۔ 5 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں کشمیر کے ایک آئی پی ایس کیڈر شیلندر کمار مشرا نے اس بات کا اظہارکیا ہے کہ کشمیری عوام’سسٹم ‘ سے نالاں ہیں اور اس کا شکاربن چکے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہتھیار اُٹھالیے ہیں اور ہمیں چاہئے کہ کشمیر میں جنگجوؤں کی موت پر اظہار مسرت نہ کریں کیونکہ ان کی موت ہماری شکست کی علامت ہے ۔ممبئی میں دہشت گردانہ حملہ کی برسی پر منعقدہ برہمن سماج کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مذکورہ بیان دے کر انتظامیہ کو جھنجھوڑا ہے اور ان کی اس تقریر کا ویڈیوسوشل میڈیا پر وائر ل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سرحدی ریاست کے حالات جاننے کے لئے ’پرائم ٹائم ‘ نیوز نہ دیکھیں ،بلکہ ریاست کا دورہ کریں۔انہوں نے واضح طورپر کہا کہ کشمیر میں ہزاروں کی تعداد میں مسلح سلامتی دستے ،راشٹریہ رائفل کی بٹالین ،سی آرپی ایف کے جوان ہوں یا جموں وکشمیر کے جانباز سپاہی ہوں،یہ سارے لوگ صرف چار پولیس اسٹیشنوںمیں تعینات ہیں اور ان کے حدودکی آبادی تین لاکھ سے زیادہ بھی نہیں ہوگی ،اس لیے سوال پیدا ہوتا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ان کو کیوں رکھا گیا ہے ۔شیلندر مشرا نے کہا کہ ’’ذاتی طورپر میرا خیال ہے کہ کشمیر کے عوام دہشت گرد نہیں ہیںبلکہ انہیں انتہاپسند اور جنگجو ضرورکہا جاسکتا ہے ۔جموںوکشمیر کے نوجوان ہمارے بچے ہیں ،وہ راہ سے بھٹک گئے ہیں ،اور وہ سماج دشمن عناصر کے ہتھے چڑھ گئے ہیں ،ان کے مرنے پر ہمیں خوشی نہیں منانی چاہئے ۔