کشمیری علحدگی پسند قائد مسرت عالم دوبارہ گرفتار

جموں ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سخت گیر علحدگی پسند قائد مسرت عالم کو ان کی رہائی کے فوری بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں جموں کی کوٹ بلوال جیل سے رہا کیا گیا تھا جہاں وہ پاکستانی پرچم لہرانے اور دشمن نعرہ بازی سرینگر کے جلسہ عام میں کرنے کے بعد 17 اپریل سے قید تھے۔ گزشتہ ماہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے مسرت عالم کی عوامی تحفظ قانون کے تحت گرفتاری کو منسوخ کرتے ہوئے حکومت کو ان کی رہائی کی ہدایت دی تھی۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے کہا کہ جیل سے آج رہائی کے فوری بعد مسرت عالم کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ یہ گرفتاری پولیس کے شعبہ سی آئی ڈی کی جانب سے ان سے تفتیش کے مقصد سے کی گئی ہے۔ قبل ازیں پی ڈی پی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد انہیں مارچ میں رہا کیا گیا تھا، جبکہ وہ 2010 ء میں موسم گرما کے دوران وادی کشمیر میں احتجاج کرنے پر 4 سال سے قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔