نئی دہلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج اس پی آئی ایل کی جمعہ کو سماعت سے اتفاق کرلیا جس کے ذریعہ ان کشمیری طلبہ کیلئے حفاظت کی استدعا کی گئی ہے جنہیں پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے اور اسی مسئلہ پر نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے وزیراعظم نریندر مودی پر خاموشی اختیار کرلینے کا الزام عائد کیا ہے۔ دریں اثناء قومی انسانی حقوق کمیشن نے مرکزی وزارت داخلہ اور وزارت فروغ انسانی وسائل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پلوامہ حملہ کے پس منظر میں کشمیری عوام سے مبینہ غلط برتاؤ کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔ فاضل عدالت کی چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی زیرقیادت بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ کولن گونزالویز کی پیش کردہ عرضی کا نوٹ لیا۔