کشمیری طلبہ پر مقدمہ سے دستبرداری کی بی جے پی مخالف

میرٹھ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج یو پی حکومت پر ایک خانگی یونیورسٹی میں زیرتعلیم کشمیری طلبہ کے خلاف قوم دشمنی کے الزامات میں مقدمہ سے دستبرداری کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ سماج وادی پارٹی حکومت کو صرف ووٹ بینک کی فکر ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر لکشمی کانت باجپائی نے کہاکہ بی جے پی قوم کی توہین کرنے والے افراد کے خلاف قوم دشمنی کے الزام میں دائر مقدمہ سے دستبرداری برداشت نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ کشمیری طلبہ پر قوم دشمنی کے الزامات سے پولیس نے ریاستی حکومت کی ہدایات پر دستبرداری اختیار کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اِس سلسلہ میں مرکزی وزیرداخلہ سے ملاقات کرے گی اور واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرے گی۔