کشمیری بھائی چارگی کی فتح حریت کانفرنس کا ردعمل

سرینگر ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سخت گیر موقف کی حامل حریت کانفرنس نے آج کہا کہ مرکز کی یہ یقین دہانی کے وادی میں کشمیری پنڈتوں کیلئے علحدہ کالونی تعمیر نہیں کی جائے گی دراصل ’’کشمیری بھائی چارگی ‘‘ کی فتح اور ’’فرقہ پرستانہ ذہنیت ‘‘ کی شکست ہے ۔ حریت کانفرنس کے سید علی شاہ گیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری پنڈتوں کیلئے علحدہ بستی کی تعمیر کے منصوبے سے دستبرداری کشمیر قوم کے اتحاد اور بھائی چارگی کی کامیابی ہے ۔ مرکز نے کل یہ اعلان کیا تھا کہ وہ وادی میں کشمیری پنڈتوں کیلئے علحدہ بستی قائم کرنے کی کوئی تجویز نہیں رکھتی ۔ علحدگی پسند گروپ نے کہا کہ ہم کشمیری پنڈتوں کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے سماج کا اٹوٹ حصہ ہیں ۔ ہم ان کی حفاظت کی طمانیت دیتے ہیں ۔انہیں پورے عزت اور وقار کے ساتھ یہاں رہنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔