کشمیری اسکول کو سچن کی امداد پر محبوبہ مفتی کا اظہار تشکر

سرینگر۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں وکشمیر محبوبہ مفتی نے آج کرکٹ اسٹار سچن ٹنڈولکر سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے ایم پی لوک ایریا ڈیولپمنٹ فنڈس سے 40 لاکھ روپئے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایک اسکولی عمارت کی تعمیر کے لیے منظور کیے ہیں۔ چیف منسٹر نے ٹوئٹر کے ذریعہ سچن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرکٹ کے میدان سے باہر بھی وہ بدستور ہم سب کو متاثر کررہے ہیں۔ ٹنڈولکر نے متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ کلکٹر کو موصومہ مکتوب میں ذکر کیا کہ ایمپرئل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ، درگ مولا (قائم شدہ 2007ئ) نے فنڈس کے لیے درخواست کی تھی اور اس پر غور وخوص کیا گیا۔ وہاں اسکول بلڈنگ کی تعمیر کا منصوبہ ہے جس میں 10 کلاس رومس، 4 لیباریٹریز، ایک ایڈمنسٹریٹیو بلاک، 6 ٹائلٹس اور اسمبلی ہال بنائے جائیں گے۔ اس اسکول میں موجودہ طور پر 10 ویں تک 1000 طلباء زیر تعلیم ہیں۔