کشمیرکے بالائی حصوں میں برفباری ،متعدد سڑکیں بند

سری نگر10دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے بالائی حصوں بالخصوص مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کے دوران ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں بشمول ریاست کے دونوں دارالحکومتوں سری نگر اور جموں میں میں بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاست میں برف باری یا بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے بدھ کے روز تک جاری رہ سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد کئی روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔بالائی علاقوں میں برف باری کے پیش نظر سری نگر لیہہ قومی شاہراہ، مشہور مغل روڑ اور شمالی کشمیر میں درجنوں علاقوں کو اپنے متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹروں کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان اہم رابطہ سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے جس کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی آمدورفت برف باری سے پیدا ہونے والی پھسلن کے پیش نظر احتیاطی طور پر روک دی گئی ہے ۔وادی میں تازہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں بہتری آگئی ہے ، تاہم بجلی سپلائی کی غیراعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے اہلیان وادی پریشان ہیں۔وادی میں گذشتہ رات مشہور سکی ریزارٹ گلمرگ واحد ایسی جگہ تھی جہاں منفی درجہ حرارت یکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 سے 5 انچ تازہ برف کھڑی ہوگئی ہے ۔ گلمرگ کی اوپری بلندیوں بشمول افروٹ، سیون سپرنگس اور کھلن مرگ میں 5 سے 7 انچ برف کھڑی ہوگئی ہے ۔ گلمرگ میں تازہ برف باری سے اس شہرہ آفاق سیاحتی مقام پر موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھلے اٹھے ہیں۔