کشمیرمیں نئے سال کا جشن، سیاحوں کی بھاری تعداد میں شرکت

سری نگر۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات پر بھی گذشتہ رات منفی درجہ حرارت کے باوجود سال 2018 ء کی آمد کا جشن منایا گیا۔ 2017کو الوداع کہنے جبکہ سال 2018 کو خوش آمدید کہنے کے لئے جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام اور شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں تقریبات منعقد ہوئیں جن میں سیاحوں کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ ان تقریبات میں کلچرل پروگراموں کا انعقاد کیا گیا اور شرکاء کی جانب سے آتش بازی کی گئی۔ نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے سلسلے میں محکمہ سیاحت نے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد ‘پہلگام کلب اینڈ کنونشن سنٹر’ میں کیا جہاں مقامی اور غیر مقامی فنکاروں نے مختلف نوعیت کے ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کے علاوہ پہلگام میں موجود سیاحوں نے بھی شرکت کی۔ جارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے بتایا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں سال نو کی آمد کے سلسلے میں منعقدہ اس تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار کشمیر آئے ہیں اور اب بار بار آنے کی کوشش کریں گے ۔ تقریب میں ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ریاض بیگ، جنرل منیجر جے کے ٹی ڈی سی پیرزادہ ظہور، سی ای او پہل گام ڈیولپمنٹ اتھارٹی تبسم کاملی اور دیگر سول و پولیس عہدیدار بھی موجود تھے ۔ ناظم سیاحت کشمیر نے بتایا کہ نئے سال کی آمد کی تقریبات اس لئے پہلگام میں منائی گئیں کیونکہ محکمہ اس سیاحتی مقام کو سرمائی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے ۔