کشمیر:سیکورٹی کے نام پر اے ٹی ایم مشینیں

رات کے وقت بند، عوام اور سیاح پریشان
سری نگر ، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں کام کرنے والے بیشتر بینکوں بالخصوص جموں وکشمیر بینک نے عوام کو پیشگی اطلاع دیے بغیر اے ٹی ایم مشینوں کو رات کے وقت بند رکھنا شروع کردیا ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو بالعموم اور وادی آنے والے سیاحوں کو بالخصوص شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بینک عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم مشینوں کو رات کے دس بجے سے صبح کے سات بجے تک بند رکھنے کا اقدام ایم ٹی ایم مشینیں چرانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے ۔ تاہم لوگوں نے اس اقدام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ٹی ایم مشینوں کی حفاظت کو یقینی بنانابینکوں اور ریاستی پولیس کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بینکوں کا یہ اقدام کشمیرکو پتھر کے زمانے کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے ۔ ایک شہری نے یو این آئی کو بتایا ‘کشمیر ایک سیاحتی مقام ہے ۔ بینکیں اے ٹی ایم مشین بند کرکے یہاں کی سیاحتی انڈسٹری کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس طرح کے اقدام اٹھانے سے بیرون دنیا میں ایک منفی تاثر جائے گا’۔ انہوں نے مزید بتایا ‘یہ پورے انڈیا میں واحد جگہ ہوگی جہاں رات کے وقت اے ٹی ایم مشینوں کو بند رکھا جاتا ہے ۔ مجھے یہ کشمیر کو بدنام کرنے کی سازش نظر آرہی ہے ۔ اگر اے ٹی ایم مشینیں چرائی جاتی ہیں تو چرانے والوں کا پردہ پاش کیا جائے ، اُن کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔