سری نگر، 30 مارچ (یو ا ین آئی) کل جماعتی سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے وادئ کشمیر کی دو پارلیمانی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کسی بھی سیاسی جماعت کے لئے مہم نہ چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ سکھوں کی اس تنظیم نے یہ اعلان جموں وکشمیر کی متواتر حکومتوں کی جانب سے ریاست میں مقیم سکھوں کو اقلیت کا درجہ نہ دیئے جانے کے خلاف بطور احتجاج کیا ہے ۔ کمیٹی کے چیرمین جگموہن سنگھ رینا نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکھوں کو فوری طور پر اقلیت کا درجہ نہ دیئے جانے پر آنے والے دنوں میں ریاست گیر ایجی ٹیشن شروع کرنے کی دھمکی دی۔برسراقتدار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جگموہن سنگھ نے کہا کہ اس پارٹی نے سکھ کمیونٹی کو اقلیت کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا، اس وعدے کی بدولت پی ڈی پی سکھوں کی حمایت سے کئی ایک سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ۔