سرینگر ، 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں منگل کے روز مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک کیمپ کو نشانہ بناکر یو بی جی ایل گرینیڈ داغا گیا۔ تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوؤں نے منگل کو دوپہر کے وقت سوپور میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے نذدیک قائم سی آر پی ایف کیمپ کو نشانہ بناکر یو بی جی ایل گرینیڈ داغا۔ انہوں نے بتایا ‘اگرچہ گرینیڈ پھٹ گیا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا’۔ ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ گرینیڈ حملے کے فوراً بعد علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا گیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔