سری نگر،8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں کشمیر پولیس نے گذشتہ 23 برسوں سے روپش ایک سرکاری بندوق بردار کو 7 بے گناہوں کی ہلاکت کے سلسلے میں گرفتار کرلیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ پولیس کی انتھک کاوشوں کے بدولت ایک مفرور ملزم جو گذشتہ 23 برسوں سے فرار تھا کو سات افراد کے قتل کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک کی ہدایات پر پولیس اسٹیشن سنبل کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او سنبل کی سربراہی میں مصدقہ اطلاع ملنے پر باروالہ کنگن سے ملزم ولی محمد میر ولد محمد مقصود میر ساکن صدر کوٹ بالا بانڈی پورہ کو گرفتار کیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم ولی محمد میر صدر کوٹ بالا نامی گاؤں میں دو خواتین سمیت سات افراد کے اپنے ہی گھروں میں بے دردانہ قتل اور دیگر پانچ کو زخمی کرنے میں ملوث ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف بانڈی پورہ کے ضلع اورسیشن جج کی طرف سے کئی بار سمن جاری ہوئے تھے لیکن ملزم آج تک اپنے آپ کو نامعلوم مقامات پر روپوش رکھنے میں کامیاب رہا۔ادھر ولی میر کی گرفتاری کے فوراً بعد سابق آئی اے ایس افسر اور جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر شاہ فیصل نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘بانڈی پورہ پولیس نے ایس ایس پی راہل ملک کی سربراہی میں بالآخر رشید بلا کی گینگ کے خونخوار سرکاری بندوق بردار ولی میر کو گرفتار کیا، کشمیر میں انصاف کی امید جاگزیں ہوگی جب انسانی حقوق پامالیوں میں تمام ملوثین کو قرار واقعی سزا ملے گی’۔بانڈی پورہ ضلع پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ‘مفرور ملزم کو بانڈی پورہ پولیس نے 23 برسوں کے بعد گرفتار کیا۔