سری نگر 28مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں جمعرات کے روز جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور شمالی کشمیر کے کپوارہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان دو الگ الگ تصادم آرائیوں کے دوران چار جنگجو ہلاک ہوئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے یارون جنگلات میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے لنگیٹ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے ۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا ’آپریشن یارون جنگلات شوپیاں۔ تین جنگجو مارے گئے ۔ ہتھیار بھی برآمد کئے گئے ۔ آپریشن جاری ہے ‘۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے یارون جنگلات میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاوہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔