سری نگر ، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی ضلع اننت ناگ کے اترسو کے جنگلی علاقہ تھیمی دان ڈھوک میں خانہ بدوش بکروال خاندان کے خیموں پر مٹی کے تودے گرنے سے ایک 60 سالہ شخص ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ مٹی کا تودہ گرنے کا یہ واقعہ ہفتہ کو شام کے وقت پیش آیا ہے ۔ اننت ناگ پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کہا ‘تھیمی دان ڈھوک کے بالائی حصوں میں خانہ بدوشوں کے خیمے مٹی کے تودوں کی زد میں آگئے ہیں۔ ایس ایچ او اترسو کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بچاؤ آپریشن شروع کردیا ہے ۔ ایک لاش برآمد کی گئی ہے ۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے ‘۔ واضح رہے کہ ریاست کے بیشتر حصوں میں گذشتہ تین دنوں سے بارشوں کا سلسلہ جاری تھا جس کے نتیجے میں وادی کشمیر اور جموں خطہ کے چناب اور پیرپنچال علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے زخمی ہوئے افراد کو سب ضلع اسپتال شانگس میں داخل کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے مہلوک شخص کی شناخت 60 سالہ محمد شفیع پسوال کی حیثیت سے کی ہے ۔ زخمیوں کی شناخت 38 سالہ نظیرہ بیگم زوجہ نذیر احمد پسوال، اس کا 12 سالہ بیٹا خالد احمد پسوال، 3 سالہ بیٹی نازیہ اختر اور 55 سالہ پھولہ بیگم زوجہ مرحوم ڈوڈہ پسوال کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ واقعہ میں خیموں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ 6 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایا ‘مٹی کا تودہ گرنے کے اس واقعہ میں بکروال کنبے کی طرف سے نصب کردہ خیموں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ اس کے علاوہ چھ بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئی ہیں’۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ کنبے کا تعلق جموں کے ضلع ریاسی سے ہے ۔