سرینگر ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج ضلع پلواما کے ترال علاقہ میں ایک نوجوان کی ہلاکت کو بدبختانہ قرار دیا اور کہا کہ فوج کو صورتحال سے نمٹنے میں احتیاط سے کام لینا چاہئے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک بدبختانہ واقعہ سے اور ہم اس کیس کی حقیقت کاپتہ چلائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے اور حکومت بہت جلد حقائق کو منظر عام پر لائے گی۔ واضح رہے کہ ترال کے بچو جنگل میں فوج کے ساتھ انکاؤنٹر میں حزب المجاہدین عسکریت پسند برہان کے بھائی خالد مظفر وانی اور ایک دوسرا نوجوان ہلاک ہوگیا جس کے خلاف مقامی عوام نے پرتشدد احتجاج کیا تھا ۔ اس واقعہ پر فوج اور پولیس کے متضاد بیانات پر چیف منسٹر نے کہا کہ بیانات میں کوئی تضاد نہیں ہے اور وہاں صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور فوج کو محتاط طریقہ سے حالات سے نمٹنا چاہئے۔